بنگلورو۔7/اکتوبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا کے دست راست سمجھے جانے والے مری گوڈا جو پچھلے دنوں میسور کی ڈپٹی کمشنر سی شیکھا سے بدکلامی اور حملہ کرنے کی مبینہ کوشش کے بعد گرفتار ہونے کے سبب وزیراعلیٰ سے دور ہوچکے تھے، آج اچانک پھر وزیر اعلیٰ سدرامیا کے ساتھ نظر آئے۔آج سدرامیا جیسے ہی دورہئ میسور کیلئے یہاں کے منڈا کلی ایرپورٹ پہنچے، مری گوڈانے یہاں پہنچ کر وزیر اعلیٰ سدرامیا کو گلدستہ پیش کیا۔ تاہم فوری طور پر وزیراعلیٰ نے گلدستہ قبول کرنے کے بعد سیکورٹی کے گھیرے کو اس قدر پختہ کردیا کہ انہیں قریب آنے کا موقع نہیں مل پایا۔ سی شیکھا سے بدکلامی اور دھمکی دینے کے معاملے میں میسور کی سیشن کورٹ کے سامنے مری گوڈا نے خود سپردگی کی اور بعد میں انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا، تاہم کچھ دنوں قید میں رہنے کے بعد سیشن کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا، اس کے بعد سے مری گوڈا وزیراعلیٰ سے دور ہی نظر آرہے تھے، آج جب وزیر اعلیٰ دسہرہ اور اپنے اسمبلی حلقہ ورونا کے چند ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لینے کیلئے میسور پہنچے تو مری گوڈا دوبارہ نمودار ہوگئے۔